لاہور دھماکے کی مذمت
پاکستان کے صدر، وزیر اعظم،آرمی چیف اور اس ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیاہے۔
پاکستان کے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ پاکستان کے وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کے ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی لاہور دھماکے کے باعث اپنی اہم سیاسی پریس کانفرنس ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیاہے۔
پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں من جملہ تحریک انصاف ،پاکستان پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ کرکے دہشت گرد خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، کوئی نئی تنظیم ملک میں پنجے نہیں گاڑھ رہی بلکہ دہشت گرد نام بدل بدل کر کارروائیاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کبھی طالبان کبھی جماعت الاحرار، کبھی لشکر جھنگوی اور کبھی داعش کا نام استعمال کرتے ہیں ایسے میں حکومت کو چاہئیے کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف سنجیدہ کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ کل لاہور کے فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق اور 58 سے زائد زخمی ہوگئےتھے۔