پاکستان میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے
پاکستان کا 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتش بازی کا شاندارمظاہرہ بھی کیا گیا۔
پاکستانی قوم آج 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منا رہی ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد میں کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پاکستان کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں سرکاری عمارتوں کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جب کہ رات 12 بجے مختلف شہروں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ایک دوسرے کو جشن آزادی کی مبارکباد دینے کے ساتھ قومی نغموں پر جھوم کر خوشی کا اظہار کی۔
یوم آزادی کے موقع پر صدر ممنون حسین نے تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ۔ صدر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے مسلسل جدو جہد سے دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرنے کاعزم کیا تھا۔ صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ بزرگوں نے اس خطہ ارض کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کا عزم کیا تھا۔تاہم اس وقت وطن عزیز کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے سترہویں جشن آزادی پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم کےخواب کی تعبیر میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت تمام چیلنجز کے باوجود اس تعبیر کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہے۔ پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔