پاکستان میں امریکہ مردہ باد ریلیاں
مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر حملوں کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ 25 اگست کو بعد از نماز جمعہ ملک کے مختلف شہروں میں’’امریکہ مردہ باد‘‘ ریلیاں نکالی جائیں گی اور پاکستان کے عوام امریکہ کی پاکستان اور اسلام دشمنی کے خلاف نفرت کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گرد گروہ داعش کو لانے کی امریکی چال کی راہ میں ہم رکاوٹ بنیں گے۔ پاکستان کو شام یا عراق نہیں بننے دیا جائے۔ پاکستان کو امریکی بلاک سے نکل جانا چاہیے۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں ہمارا ہاتھ سوائے لاشوں کے اور کچھ نہیں آیا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی عالمی برادری نے ہر پلیٹ فارم پر تعریف کی ہے جبکہ امریکہ نے ہمیشہ ڈومور کا مطالبہ کیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ڈومور کے مطالبے کا جارحانہ انداز قومی وقار پر حملہ ہے جس کا جواب اسی انداز سے دیا جانا چاہیے۔ پاکستان امریکہ یا کسی دوسرے ملک کی کالونی نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت نے پاکستان کی معشیت کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ وطن عزیز کو غیرمستحکم کرنے والے مذموم عناصر کی پشت پناہی امریکہ اور اس کے حواری کر رہے ہیں۔ امریکہ کا مکار صدر افغانستان میں لگی ہوئی آگ پاکستان منتقل کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ ہمیں مصلحت پسندی کا شکار بننے کی بجائے دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا۔ امریکہ پاکستان کا خیرخواہ نہیں بلکہ اپنے مفادات کا یار ہے۔ امریکہ کا وجود اس خطے کے لیے خطرہ ہے۔ اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ پاکستان کا آج کا جرات مندانہ فیصلہ ہماری آنے والی نسلوں پر بہت بڑا احسان ہوگا۔ دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے۔ دنیا نئی تشکیل کے مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔ امریکہ سے تعلقات محدود کر کے ہمیں چین سمیت خطے کے دوسرے ممالک کی طرف جھکاؤ کو بڑھانا ہو گا۔ چین اپنی مضبوط معیشت کے ساتھ سپر پاور کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔