Aug ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکہ کی دوستی امریکی دشمنی سے زیادہ خطرناک

مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ امریکہ کی دوستی امریکی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اب وقت آچکا ہے کہ پاکستان امریکی غلامی کو خیر باد کہہ دے، کیونکہ ظالم استکباری قوتوں سے تعلق نے اس قوم کو بہت زیادہ نقصان دیا ہے، ہم کرائے کے قاتل نہیں کہ امریکی ہمیں ڈالر دیں اور ہم امریکی مفادات کی تکمیل کریں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امریکہ کی دوستی امریکی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے، جس دن امریکی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان سے نکالا گیا ہم اس دن جشن منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفارتخانے دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اوراسرائیل شیطان ہیں جس سے وطن عزیز کو خطرہ ہے، اس اہم اشو پر پوری قوم متحد ہے، حکومت سمیت بہت سارے عناصر نے اس حساس موقع پر خاموشی اختیار کرکے امریکی غلام ہونے کا تاثر دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بحران افغانستان کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی ناکام ثابت ہوگی۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان سے متعلق پالیسی اور دھمکی آمیز بیانات پر اس ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

 

ٹیگس