Sep ۳۰, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانا شہدائے کربلا کا درسِ انقلاب

جماعت اہلسنت کراچی کے امیر نے کہا ہےکہ شہدائے کربلا جیسا جذبہ بیدار کرکے ہی امت کی نشاة ثانیہ کو بحال کیا جا سکتا ہے۔

کراچی میں جامع میمن مسجد شہید ملت روڈ پر محرم الحرام کی مجلس سے خطاب میں جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ و شہدائے کربلا نے اسلام کو اصل حیثیت میں برقرار رکھنے اور شریعت محمدی کے تحفظ کی خاطر جان و مال اور عزیز و اقارب کی قربانیاں دے کرعظیم ترین تاریخ رقم کی، حق کی سربلندی کے لئے باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانا شہدائے کربلا کا درسِ انقلاب ہے۔

علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ و شہدائے کربلا سے محبت و عقیدت کا تقاضہ ہے کہ ان کے نقشِ قدم پر چلا جائے، دین و ملت کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے اسوہ حسینیؑ کی پیروی کرنا ہوگی۔

علامہ شاہ عبدالحق قادری کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ نے وقت شہادت بھی نماز ادا کی، آج مسلمان کردار حسینی کو مشعل راہ بناتے ہوئے فرائض و واجبات کی وقت پر ادائیگی یقینی بنائیں، شہدائے کربلا جیسا جذبہ بیدار کرکے ہی امت کی نشاة ثانیہ کو بحال کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیدنا حضرت امام حسینؑ دین کی بقاء اور اسلامی اقدار کا تحفظ ہیں، تمام مظالم سہہ کرحضرت امام حسینؑ اور حضرت محمد مصطفیؐ کے خانوادہ نے دین محمدی کو تحریفِ یزیدیت سے بچایا، آزادی، تحفظ شریعت، احترام آدمیت، بیداری، زندگی، منہ زوروں کو زیر کرنے کا پیغام حسینؑ ہے، ظالم و فاجر اور دین میں بگاڑ پیدا کرنے والے یزید کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے۔

 

ٹیگس