کوئٹہ میں دہشتگردی، 5 افراد شہید
کوئٹہ کے علاقے کاسی روڈ پر تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے ایک وین پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ آج صبح شہر کے مصروف علاقے کاسی روڈ پر پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے وین کو نشانہ بنایا۔ وین میں سوارافراد ہزار گنجی سبزی منڈی جارہے تھے جب کہ مسافروں میں شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی وین کاسی روڈ پر پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے دہشتگردوں نے گاڑی پراندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں کی شناخت حاجی محمد، صالح محمد، خادم حسین ،سید سرور اورمحمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جب کہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی ملے ہیں ۔پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے اطراف کے علاقے کی ناکہ بندی کرلی ہے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف تکفیری دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دیتا ہے لیکن اس کے باوجود اس کے خلاف حکومت سنیجدہ کارروائی نہیں کرتی۔