Oct ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے خلاف بننے والی فلم میں پی آئی اے کے طیارےکی شمولیت پر ہنگامہ

پاکستان کی قومی اسمبلی نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کے خلاف بننے والی اسرائیلی فلم کے لئے پی آئی اے کے طیارے کو استعمال کئے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد سے ارنا نے خبر دی ہے کہ پاکستان کی قومی اسملبی کے ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی نے فلسطینی جہاد کے خلاف اور اسرائیل کے حق میں بننے والی فلم میں پی آئی اے کے طیارے کے استعمال کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات ایک مہینے کے اندر مکمل کر کے قائمہ کمیٹی کو پیش کرے-

پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ فلسطینی ہمارے بھائی ہیں اور اس فلم سے ہمیں شرمندگی ہو‏ئی ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غاصب صیہونی حکوت کے خلاف مظلوم فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی ہمیشہ حمایت کی ہے-

واضح رہے کہ فلسطینی جہاد کے خلاف یہ فلم مالٹا میں بنائی گئی جس میں فلسطینی جہاد کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے اور فلم اسرائیلیوں کے حق میں تیار کی گئی ہے-

اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی مختلف جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی بھی برہم نظر آئے اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ یہ پی آئی اے کی تاریخ کی سب سے بڑی بدعنوانی ہے-

ٹیگس