Oct ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں اربعین حسینی کے زائرین مشکلات سے دوچار

پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں زائرین حکومت پاکستان کی غفلت کی وجہ سے کوئٹہ اور تفتان میں مشکلات سے دوچار ہیں۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین  پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجا ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ایران و عراق کے مقامات مقدسہ کی زیارات کے لیے جانے والے زائرین علمدار روڈ کوئٹہ میں بےیار و مددگار بیٹھے ہیں۔ 400 بسوں کو بارڈر کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دے۔

علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ہزاروں افراد بے یارو مددگار بیٹھے ہیں جنہیں 20 صفر سے قبل مقامات مقدسہ کی زیارت پر پہنچنا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عبا س جعفری کا کہنا تھا کہ اس وقت لوگ براستہ کوئٹہ، ایران اور دوسر ے ممالک میں زیارات مقدسہ کے لیے جا رہے ہیں اور ان کے راستے میں ناختم ہونے والے مسائل کھڑے کر دئیے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے زائرین کی آسانی کے لیے کوئی مثبت اقدام دیکھنے کو نہیں ملتا۔ اس وقت بھی ہزاروں زائرین تفتان اور کوئٹہ میں رل رہے ہیں۔ حتیٰ بارڈر پر سہولیات کی کمی کی وجہ سے لوگ مر جاتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے ان کو سہولیات مہیا کرے اگر وہاں کوئی حادثہ ہوا تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہم تمام اداروں کو لیٹر لکھ چکے ہیں لیکن کوئی مثبت جواب نہیں دیا جاتا اور ہم میڈیا کی توسط سے بلوچستان کی حکومت اور وفاقی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ زائرین کو درپیش مسائل کو حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس ملک میں رہ رہے ہیں وہ مسائلستان بنا ہوا ہے۔ اس کے لیے کوئی سسٹم نہیں بنا رہے ہیں اور لوگ مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مقتدر حلقوں سے لاپتہ افراد کا معاملہ حل کرنے کی بھی اپیل کی۔

واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں  پاکستانی زائرین  سمیت دنیا بھر سے کروڑوں عاشقان اہلبیت (ع) کربلائے معلی میں اربعین حسینی میں شرکت کرتے ہیں۔

ٹیگس