پاکستانی سفارتکار قتل، افغان ناظم الامور پاکستان کے دفتر خارجہ میں طلب
افغانستان کے صوبے ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے اہلکار رانا نیئر اقبال کو قتل کر دیا گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارتی اہلکار رانا نیئر کو صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں اُس وقت گولیاں مار کر قتل کیا گیا جب وہ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد واپس گھر جارہے تھے۔ رانا نیئر اقبال قونصل خانے میں ویزہ سیکشن میں کام کرتے تھے جب کہ ان کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔
پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے سفارتی اہلکار کے قتل کی شدید مذمت کی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان کی حکومت سے اپنے سفارتی اہلکاروں کی سیکیورٹی مزید بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب پاکستانی وزیرخارجہ خواجہ آصف نے بھی ٹوئیٹ کے ذریعے جلال آباد میں پاکستانی سفارتکار کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکومت سے سفارتی عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔