Nov ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ناصرشیرازی کی بازیابی کے لئےاحتجاج کا سلسلہ جاری

پاکستان میں شیعہ مسنگ پرسنز اور ناصرعباس شیرازی کی بازیابی کے لئے احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنماوں نے ناصرعباس شیرازی کی جبری گمشدگی کے خلاف صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد علی نوری کی زیر قیادت احتجاجی ریلی یادگار شہداء اسکردو سے پریس کلب اسکردو تک نکالی۔

احتجاجی ریلی کے شرکاء نے پنجاب حکومت کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف نعرے لگائے اور ناصرعباس شیرازی سمیت دیگر جبری گمشدگان کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

شرکائے ریلی کے پریس کلب پہنچنے کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے مسلم لیگ نون کی صوبائی حکومت، پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں ناصر شیرازی کے اغواء کے خلاف باقاعدہ احتجاجی تحریک کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ ضرورت پڑنے پر تخت لاہور کو گرانے کے لیے بلتستان سے بھی قافلے روانہ ہوں گے۔

علامہ احمد علی نوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو تمام مکاتب فکر بالخصوص اہلسنت اور اہل تشیع نے مل کر بنایا تاکہ تمام مسالک اپنی تعلیمات کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ لیکن ریاستی اداروں کی ناقص اور کمزور خارجہ پالیسی اور عالمی طاقتوں کی مداخلت کے سبب سات سمندر پارامریکہ سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا گیا  اورامریکہ کی نیابتی جنگ میں پاکستان کو قربانی کا بکرا بناکر افغانستان میں دھکیل دیا گیا۔ اس وطن کے بیٹوں نے اس وقت بھی اس ناپاک جنگ کی مخالفت کی۔ اس جنگ میں امریکہ کی خوشنودی کی خاطر ریاستی حساس اداروں تک جہادیوں اور تکفیری سوچ رکھنے والوں کو رسائی دی گئی، انہیں ہیرو بنا کے پیش کیا گیا۔ ضیاءالحق کی فرقہ وارانہ سوچ اور ملک دشمن پالیسی کا بویا ہوا وہی بیج آج تناور درخت کی صورت میں دہشتگردی کا پھل دے رہا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کا اغواء مسلم لیگ نون کی کارستانی ہے۔ اگر پنجاب حکومت ناصر شیرازی کے اغواء میں ملوث نہیں ہے تو ان کی جبری گمشدگی کیوں ظاہر نہیں کرتی۔

انہوں نے چیف آف دی آرمی اسٹاف اور عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا کہ ناصر شیرازی سمیت دیگر جبری گمشدگان کے معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں بازیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگرہم ناصر عباس شیرازی کی ماورائے آئین گرفتاری کے خلاف باقاعدہ تحریک کا اعلان کرتے ہیں اس سلسلے میں مرکزی فیصلے کے مطابق راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

 

ٹیگس