ناصرشیرازی سمیت شیعہ مسنگ پرسنزکی بازیابی کیلئے مظاہرے
کراچی اورگلگت،بلتستان سمیت پاکستان کے کئی شہروں میں ناصر شیرازی اور دوسرے شیعہ افراد کے اغواء کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی اور ملت جعفریہ کے دیگر بیگناہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی اور اغوا کے خلاف ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام احتجاجی ریلی سے قائد حزب اختلاف جی بی اسمبلی کیپٹن محمد شفیع، صدر آئی ایس او گلگت عارف حسین الجانی، ترجمان ایم ڈبلیو ایم جی بی محمد الیاس صدیقی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم عارف حسین قنبری نے خطاب کیا۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے سید ناصر عباس شیرازی کی جبری گمشدگی پر پنجاب حکومت خاص طور پر رانا ثناء اللہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سید ناصر عباس شیرازی کی فوری طور پر بازیابی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے سید ناصرعباس شیرازی اور ملت تشیع کے دیگر بیگناہ افراد کے اغواء کو بدترین زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملت تشیع کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس مکتب کا کوئی فرد دہشت گردی میں ملوث نہیں رہا ہے اور ملت تشیع قیام پاکستان سے استحکام پاکستان تک قربانیاں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور خاص طور پر پنجاب حکومت دہشت گردوں کے پے رول پر ہے اور ان کو خوش کرنے کیلئے ملت تشیع کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جس نے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے اور تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا جو کہ تکفیریوں کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ پنجاب حکومت کا وزیر قانون رانا ثناء اللہ اداروں کو مسلکی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ سید ناصر عباس شیرازی نے اس سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی، جسکی سزا دی گئی ۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن اور آئی ایس او کراچی کے صدر محمد یٰسین نے کہا کہ ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی پر ملت جعفریہ خاموش نہیں بیٹھے گی۔ علامہ مبشر حسن نے اعلان کیا کہ مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت 19 نومبر بروز اتوار بوقت ساڑھے تین بجے کراچی پریس کلب پر ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ ایم ڈبلیو ایم رہنما نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ ناصر شیرازی کو فی الفور بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔