دھرنے والوں کے لئے آئندہ 24 گھنٹے بہت اہم
پاکستان کی حکومت نے دھرنے والوں سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے اور اس پر کسی بھی وقت عمل در آمد ہو سکتا ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ اگر چاہیں تو آپریشن کرکے تین گھنٹوں میں علاقہ کلیئرکرالیں لیکن ہمیں یہ ضمانت کون دے گا کہ معاملہ نہیں پھیلے گا تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں دھرنے سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔
احسن اقبال نے کہا ہ کہ دھرنے والے لال مسجد اور ماڈل ٹاون جیسا واقعہ ڈھونڈ رہے ہیں یہ لوگ ہمارے لیے لال مسجد کا پھندا لیے کھڑے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ دھرنے کے پیچھے جو مقصد ہے وہ ہمیں معلوم ہے، ختم نبوت کے نام پر منفی سیاست کی جا رہی ہے اور دھرنے والے لوگوں کو ورغلا رہے ہیں لیکن ریاست ان لوگوں کے سامنے نہیں جھکے گی۔
وزیر داخلہ نے دھرنے کو (ن) لیگ کا ووٹ بینک متاثر کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھرنے کا مقصد مسلم لیگ (ن) کو بریلوی مکتبہ فکر سے لڑانے کی سازش ہے، جس قانون کی دھرنے والے بات کرتے ہیں وہ وزارت قانون نے تیار ہی نہیں کیا، محض ضد اور انا سے کوئی وزیر قانون سے استعفی نہیں لے سکتا اور کنپٹی پر پستول رکھ کر کوئی شرط نہیں منواسکتا تاہم دھرنے والے جائز شکایت پر مذاکرات کریں ہم ان کی بات سنیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت اور دھرنے والوں کے مابین مذاکرات کے کئی دور ناکام ہو گئے ہیں۔