Nov ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • ناصر شیرازی کی عدم بازیابی پرعدالت برہم

پولیس کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی کی عدم بازیابی پر لاہور ہائیکورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

لاہورہائیکورٹ میں مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی کی بازیابی کیس کی سماعت ہوئی۔لاہور پولیس کی جانب سے ایس پی آپریشنز رضوان گوندل سمیت دیگر پولیس افسران عدالت پیش ہوئے۔

پولیس افسران نے عدالت کو بتایا کہ ناصر شیرازی ان کی حراست میں نہیں اور نہ ہی وہ اس کا پتہ چلا سکے ہیں۔ لاہور پولیس کے جواب پر عدالت نے اظہاربرہمی کرتے ہوئے عدالت نے آج ہی 1بجے دوپہرآئی ایس آئی، آئی بی اورایم آئی کے ڈائریکٹرز کو طلب کرلیا ہے۔

جسٹس قاضی محمدامین احمد نےعلی عباس کی درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزارکی جانب سے فداحسین رانا ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ حکومت کی جانب ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل پیش ہوئے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل نے عدالت کوبتایا کہ درخواست گزارنے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایاہے، خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ہی جواب دے سکتے ہیں۔ عدالت کی طلبی کے باوجود ڈپٹی اٹارنی جنرل پیش نہ ہوئے۔

واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کو ایک ماہ قبل لاہور سے اغوا کیا گیا تھا اور تاحال انھیں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین نے ناصر شیرازی سمیت تمام شیعہ مسنگ پرسنز کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

ٹیگس