Nov ۳۰, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • اسلام آباد امام بارگاہ  پر حملے کی مذمت

پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے امام بارگاہ باب العلم اسلام آباد پر فائرنگ کی مذمت کی۔

پاکستان کی سیاسی اورمذھبی جماعتوں، مجلس وحدت مسلمین،اسلامی تحریک، جعفریہ الائنس ،سنی تحریک، تحریک انصاف،پیپلز پارٹی،پاکستان عوامی تحریک سمیت بہت سی سیاسی اورمذھبی جماعتوں نے اسلام آباد میں امام بارگاہ باب العلم پر فائرنگ اور نمازیوں کی شہادت کی مذمت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام بارگاہ باب العلم اسلام آباد سے نکلنے والے نمازیوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی اداروں کی نا اہلی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت جیسے حساس شہر میں دہشت گردی کا واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج ہے۔

انہوں نےکہاکہ کالعدم مذہبی جماعتیں وفاقی دارالحکومت میں دندناتی پھر رہی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ٹھکانوں سے حکومت اور ادارے بخوبی آگاہ ہیں ۔

واضح رہے کہ کل اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گردوں نے اسلام آباد آئی ایٹ میں واقع امام بارگاہ باب العلم پر نمازیوں پر فائرنگ کی جس سے حساس ادارے کے ملازم حب دار اور سابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ سید سیدین زیدی شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں ڈاکٹرعنایت شاہ، سید ندیم بخاری ،عون زیدی اور رضی شاہ زخمی ہو گئے۔

ٹیگس