مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی مستعفی
ختم نبوت کانفرنس میں حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان قومی اسمبلی اور 3 ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنے عہدوں سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق فیصل آباد میں آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کی صدارت میں ختم نبوت کانفرنس ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے پانچ ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔ مستعفی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے ناراض ارکان اسمبلی میں ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، ایم این اے ڈاکٹر نصار جٹ، ایم پی اے نظام الدین سیالوی، ایم پی اے محمد خان بلوچ اور ایم پی اے مولانا رحمت اللہ شامل ہیں۔
کانفرنس میں اعلان کیاگیا کہ پیرآف سیال کے آئندہ اعلان پر وزیراعلی ہاؤس لاہور کے سامنے کانفرنس ہوگی اور اگر رانا ثنا اللہ نے استعفیٰ نہ دیا تو وہیں پر دھرنا ہوگا اور حالات کی تمام تر ذمے داری حکومت پنجاب پر عائدہوگی۔
دوسری جانب نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ میچ ہارنے کے بعد دھرنے کے بجائے اگلے میچ کی تیاری کرنا چاہیے، سیاست میں آنیوالے کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا، پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں جاری ہیں، استعفوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اسمبلیاں توڑ کر دھاندلی کرانے کامنصوبہ ہے، تبدیلی نعروں اور تقریروں سے نہیں بلکہ کام کرنے سے آتی ہے۔
واضح رہے کہ سیال شریف درگاہ کے پیر محمد حمید الدین سیالوی نے عہد کیا ہے کہ وہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے مستعفی ہونے تک تحریک جاری رکھیں گے۔