Dec ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے اسپیکروں کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے آج اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پارلیمانی روابط کی تقویت اور دوجانبہ روابط کے استحکام پر تاکید کی۔

ایران اورپاکستان کے اسپیکروں کے مابین ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردادر ایاز صادق ایران کے پارلیمانی وفد کے دورہ پاکستان اور 6 علاقائی ممالک کے اسپیکروں کے پہلے اجلاس میں شرکت کرنے پر ایرانی وفد کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں ایران کے اسپیکر کی شرکت بذات خود اجلاس کی کامیابی کی دلیل ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ ایران و پاکستان کے دشمن ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران اسلام آباد کے لئے ایک اہم ملک ہے۔

سردادر ایاز صادق نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ پاکستانی بندرگاہ گوادر اور ایرانی بندرگاہ چابہار دونوں ملکوں کے روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ایران کے اسپیکر کو گوادر بندرگاہ کے دورے کی دعوت دی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے اس ملاقات میں ایران و پاکستان کے تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے  گوادر اور چابھار بندرگاہ کے مابین سڑک اور ریلوے کے ذریعے رابطوں پر تاکید کی۔ علی لاریجانی  نے کہا کہ سڑک اور ریلوے کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین رابطوں سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس سمجھوتے سے دنیا کیلئے بھی مثبت پیغام جائے گا۔ ایران کے اسپیکر نے سردار ایاز صادق کو تہران میں جنوری 2018 کو منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے کل ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ھمراہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے 6 ممالک کے اسپیکروں کے اجلاس میں شرکت کی۔

ٹیگس