بے نظیر بھٹو کے قتل میں آصف زرداری ملوث: پرویزمشرف
پاکستان کےسابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں آصف زرداری ملوث ہیں۔
میڈیا کو جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کو گاڑی سے باہر نکلنے کو کس نے کہا، بی بی کا پوسٹ مارٹم کس نے نہیں ہونے دیا جبکہ خالد شہنشاہ کو کس نے قتل کرایا یہ سب ثبوت ایک ہی طرف جاتے ہیں اور وہ ہیں آصف زرداری ۔
پرویز مشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت صرف الزامات لگا رہی ہے کہ بے نظیر کو قتل انہوں نے کرایا یہ صرف باتیں کر رہے ہیں ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں اگر شواہد ہیں تو سامنے لائیں۔
سابق صدر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو حکومت نے سو فیصد سیکورٹی دی جبکہ رحمان ملک بے نظیر کے سیکورٹی انچارج تھے جو واقعہ ہونے کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے۔
پرویز مشرف نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ سب سے زیادہ فائدہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اٹھایا جبکہ امریکا اور عالمی طاقتیں تو مجھے صدر برقرار رکھنا چاہتی تھیں وہ مجھے صدارت سے نہیں ہٹانا چاہتی تھیں، نواز شریف اور بلاول بھٹو مل کر فوج پر دباؤ ڈال رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے مجھ پر پریشر ڈالنے کا طریقہ اپنایا ہے کیونکہ فوج پر دباو ڈالنے کا طریقہ یہی ہے کہ مجھ پرپریشر ڈالا جائے۔
واضح رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف نے بے نظیر بھٹو کو براہِ راست دھمکی دی تھی کہ ان کے تحفظ کی ضمانت تعاون سے مشروط ہوگی اور وہ ذاتی طور پر پرویز مشرف کو ہی بے نظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔