Jan ۰۱, ۲۰۱۸ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • بلوچستان میں دھماکے اور فائرنگ، 2 ہلاک 8 زخمی

بلوچستان کے شہروں ژوب اور چمن میں دھماکوں اور فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے سرحدی شہر چمن کے مال روڈ پر زیر تعمیر عمارت کے قریب آج صبح یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے پورا علاقہ لرز اٹھا، دھماکے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں سکیورٹی اہل کار بھی شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلا دھماکا عمارت کے قریب ہوا، امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کو اٹھانے کے لئے جب لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوئے تو اسی اثناء میں دوسرا دھماکا کیا گیا۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو قریبی واقع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ چمن کے راستے افغانستان جانے والی نقل و حرکت کو بھی مختصر وقفے کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے شہر ژوب میں کل فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ گل کچ میں فورسز کا سرچ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی، لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

ٹیگس