طاہرالقادری نے حکومت کے خاتمے کی تحریک کا اعلان کر دیا
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے مسلم لیگ نون کی حکومت کا خاتمہ کرنے کے لئے سترہ جنوری سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں اے پی سی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں طاہرالقادری نے کہا کہ پچھلے دنوں اے پی سی میں اتفاق رائے کے بعد وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو استعفوں کے لئے سات جنوری تک مہلت دی گئی تھی لیکن استعفے نہیں آئے-
طاہر القادری نے کہا کہ اب ہم استعفے مانگیں گے نہیں بلکہ زبردستی لیں گے- انہوں نے کہا کہ اب بات صرف استعفوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ مسلم لیگ نون کی جہاں بھی حکومت ہے اس کا خاتمہ ہو گا-
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے حکومت کے خاتمے کے لئے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب نون لیگ کے اقتدار میں رہنے کا جواز ختم ہو گیا-
واضح رہے کہ طاہر القادری نے ایک ایسے وقت حکومت کے خاتمے کی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے کہ جب مسلم لیگ نون نے ہمیشہ یہ الزام عائد کیا ہے کہ دھرنوں اور مظاہروں کی سیاست سے پاکستان کو اربوں روپئے کا نقصان ہوا ہے-