معروف قانون دان عاصمہ جہانگیرانتقال کرگئیں
پاکستان کی معروف قانون دان اور سابق صدر سپریم کورٹ بارعاصمہ جہانگیر 66 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں
پاکستان کی معروف قانون دان اور سابق صدر سپریم کورٹ بار عاصمہ جہانگیر کو گزشتہ رات دل کی تکلیف کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں اور خالق حقیقی سے جاملیں۔
عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، عاصمہ جہانگیر سماجی کارکن ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے لیے بھی کام کرتی رہی تھیں جب کہ اس کے علاوہ عدلیہ بحالی تحریک میں بھی انہوں نے فعال کردار ادا کیا۔ عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار سمیت دیگر سینیئر وکلا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
پاکستان کے صدرممنون حسین نے ممتاز قانون دان کے انتقال پر کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔