Mar ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
  • سینیٹ الیکشن، 131 امیدوار میدان میں

پاکستانی سینیٹ میں اس ملک کے چاروں صوبوں، فاٹا اور وفاقی دارالحکومت کی 52 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے جس کے لیے 131 امیدوار میدان میں ہیں۔

پاکستان میں سینیٹ الیکشن کے موقع پر آج پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیاں مکمل طور پر پولنگ اسٹیشنز کے روپ دھار ے ہوئے ہیں، جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق اراکین اسمبلی کو اسمبلی سیکریٹریٹ کا کارڈ ساتھ لانا ہوگا، جبکہ موبائل فون پولنگ اسٹیشن لانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

مسلم لیگ ن کے نواز شریف کی بطور پارٹی صدر نااہلی کے بعد پہلی بار ان کے حمایت یافتہ امیدوار آزاد حیثیت میں انتخاب لڑرہے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ کی خالی ہونے والی گیارہ نشستوں کےلئے انتخاب ہورہا ہے، گیارہ بجے تک کسی رکن اسمبلی  نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا،تاہم تقریبا ًسوا گیارہ بجے نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والےرکن اسمبلی سردار اسلم بزنجو نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔

سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پنجاب کی 12 نشستوں پر 20 امیدواروں میں ، سندھ کی 12 نشستوں پر33 ، خیبر پختونخوا میں 11 نشستوں پر 26  جبکہ بلوچستان کی11 نشستوں پر23 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ فاٹا کی 4 نشستوں پر 24 اور اسلام آباد کی 2 نشستوں پر 5 امیدوار مد مقابل ہیں۔

انتخابات سے قبل ایک ایک نشست کے لیے سیاسی جماعتوں کا جوڑ توڑ عروج پر تھا، ایک جانب ہارس ٹریڈنگ اور پیسے کی ریل پیل کے الزامات تھے تو دوسری جانب سیاسی اتحاد اور مشترکا مفادات کی صورتحال تھی۔

واضح رہے کہ موجودہ سینیٹ کے 52 ارکان 11 مارچ کو ریٹائر ہوں گے اور آج جیتنے والے آئندہ 6سال کے لئے سینیٹر بن جائیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اراکین شام 4 بجے تک ووٹ ڈال سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے انتخابی عملے نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم پولنگ اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

ٹیگس