ٹارگٹ کلنگ میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ
ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کوٹلی امام حسین کی وقف اراضی کو تبدیل نہیں ہونے دینگے، یہ اراضی کوٹلی امام حسین علیہ السلام کیلئے وقف شدہ ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں شیعہ سنی جھگڑا نہیں، اتحاد بین المسلمین کے سب سے بڑے داعی ہیں، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، خیبر پختونخوا پولیس کی تعریف ہوتی ہے، کیا وجہ ہے کہ قاتلوں کی وارداتوں کے دوارن ویڈیو سامنے آنے کے باوجود آخر اب تک یہ پکڑے کیوں نہیں گئے؟
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ تسلسل سے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہو رہے ہیں، حکومت اب تک ان واقعات کے عوامل کے حوالے سے نہیں بتا سکی، قاتلوں اور مجرموں کو پکڑنے میں انتظامیہ اب تک ناکام ہے۔ انہوں نے بے گناہ افراد کو رہا کرنے اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو فوراً گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کوٹلی امام حسین کو وقف تین سو ساڑھے ستائیس کنال اراضی کی تبدیلی نہیں ہونے دینگے، یہ وقف کوٹلی امام حسین اراضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے دوبارہ فعال ہونے پر مولانا سمیع الحق اتحاد سے علیحدہ ہیں، لیکن دیگر پانچ مکاتب فکر کے افراد متحدہ مجلس عمل کا حصہ ہیں۔