مسئلہ کشمیر کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے پر تاکید
پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کریں گے اور آج بھی چاہتے ہیں کہ معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ حل ہوں تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ہر طرح کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں دو روز سے نوجوانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی ۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیر کے معاملے کو اٹھانے کے لیے عالمی برادری سے مذاکرات کریں گے، اور اس مسئلے کو یواین او میں بھی اٹھارہے ہیں اور سیکریٹری جنرل او آئی سی سے اس معاملے پر بات ہوئی ہے جب کہ تمام ممالک سے درخواست کر رہے ہیں کہ معاملے کے حل کے لئے پاکستان کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا خون صرف کشمیر میں نہیں میانمار اور فلسطین میں بھی بہایا جا رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ مسلم ممالک اس معاملے پر ہمارا ساتھ دیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کریں گے اور آج بھی چاہتے ہیں کہ معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ حل ہوں ۔