May ۰۵, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • عمران خان کے بری ہونے پر نواز شریف کا سخت رد عمل

پاکستان کے بر کنار ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جن کو سزا ہونی چاہیے تھی وہ بری ہورہے ہیں اور جن کو بری ہونا تھا وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلا لیکن انہیں بری کردیا گیا جب کہ مجھے بیوی کی تیمارداری کرنے کے لیے جانے کی اجازت نہیں ملتی،عوام کے محافظوں پر تشدد کرنے والوں کو بری کرنے سے کیا تاثر جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کو سزا ہونی چاہیے تھی وہ بری ہورہے ہیں جب کہ جن کو بری ہونا تھا وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے تاہم اب صاف اور شفاف الیکشن والی باتوں سے دل اٹھ گیا جب کہ لاہور جلسے میں ناکامی پر عمران خان نے الیکشن کے التوا کی بات کی۔

واضح رہے کہ کل ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کو بری کردیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 2014 کے دھرنے کے دوران ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ 10 اپریل کو محفوظ کر لیا تھا۔

ٹیگس