پاک و ہند کی دشمنی دونوں ممالک کی تباہی کا باعث
مشیر قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان اور پاکستان ہمیشہ دشمن رہے تو ایک دوسرے کو تباہ کردیں گے۔
اسلام آباد میں سیکیورٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مشیر قومی سلامتی جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کا کہنا تھا کہ یہ بات پاکستان اور ہندوستان کو سوچنا ہو گی کہ کیا ہمیں ہمیشہ دشمن رہنا ہے؟ اگر ایسا ہوا تو ہم ایک دوسرے کو تباہ کردیں گے، ماضی کو بھلا کر ہمیں آگے بڑھنا ہوگا، مل جل کر ہمیں امن کی طرف جانا ہوگا کیونکہ ہر بات کا حل لڑائی نہیں اور اگلی نسل یہ بات سوچے گی اور اس کا حل نکالے گی۔
پاکستان کے مشیر قومی سلامتی کا افغانستان سے متعلق کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان ہمیشہ بھائیوں کی طرح رہے ہیں ہمارا ایک کمرہ پاکستان اوردوسرا افغانستان میں ہے، روزانہ پچاس ساٹھ ہزار افراد بارڈر عبور کرتے ہیں۔
ملکی سلامتی اور داخلی امن کے حوالے سے ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کو لینڈ لاک ملک بنانے کے منصوبے بنائے گئے اور پاکستان کو خطرناک ملکوں میں شامل کیا گیا لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے 60 ہزار جانوں کی قربانی دی اور آج ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے ۔