Jul ۰۳, ۲۰۱۸ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  • تکفیریت فتنہ ہے: لیاقت بلوچ

متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نظام مصطفٰی نافذ کریں گے۔

لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نظام مصطفٰی کے نفاذ کا نعرہ لے کر اٹھی ہے، انشاءاللہ انتخابات جیت کر اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں نے کہا کہ دیانتدار قیادت صرف اور صرف متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے، نظام مصطفٰی نافذ کریں گے، اسلامی مکاتب فکر کے درمیان انتشار پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایم اے مسلمہ کرپٹ عناصر اور سیاسی کچرے کو بری طرح شکست دے گی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ دہشتگردی اور تکفیریت فتنہ ہے، تمام جماعتیں ایم ایم اے کے دستو ر کی پابند ہیں، جماعت اسلامی نے جھنگ میں دہشتگرد تنظیم کے سربراہ کی حمایت کی ہے تو اس کا نوٹس لیا جائے گا، تکفیریت کو مار بھگائیں گے۔

صدر اسلامی تحریک پنجاب علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے سرغنہ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ملنا عدلیہ، فوج اور الیکشن کمیشن کے لئے سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک کے رہنما ہر حلقے میں ایم ایم اے کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل کی کسی جماعت کا تکفیریت سے کوئی ناطہ نہیں، تکفیری گروہ کو کسی نے جگہ دی تو اتحاد پر نظرثانی کریں گے۔

ٹیگس