مشرف اور زرداری سے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات طلب
Jul ۰۴, ۲۰۱۸ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملک کے دو سابق صدور پرویز مشرف اور آصف علی زرداری سے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستان کی سپریم کورٹ میں این آر او سے فائدہ اٹھانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سابق صدور پرویز مشرف اور آصف علی زرداری کے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا۔
پاکستانی سپریم کورٹ نے اپنے احکامات میں کہا کہ تمام فریق بیرون ملک جائیدادیں اور غیر ملکی اکاؤنٹس اور آف شور کمپنیاں بھی ظاہر کریں۔
کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ این آر او کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم نے جواب جمع کروا دیئے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے این آر او مقدمے میں جواب جمع کروانے کے لیے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو دو ہفتے کی مہلت دیدی۔