Jul ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • آصف زرداری سمیت بیس افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدر آصف زرداری سمیت بیس افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی سپریم کورٹ نے جعلی بینک کھاتوں سے متعلق کیس میں فیصلہ دیتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت بیس افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جعلی بینک اکاؤنٹس ازخود نوٹس کی سماعت کی۔
ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ سات لوگوں کے نام پر کھولے گئے انتیس بینک کھاتوں سے پینتس ارب سے زائد کی رقومات کی لین دین ہوئی ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ساتوں کے نام سپریم کورٹ میں پیش کردیئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ان سات افراد اور دیگربارہ افراد کو بارہ جولائی کو طلب کرلیا۔
عدالت نے آئی جی سندھ کو تمام افراد کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسٹیٹ بنک کو نجی بینک میں جمع کرائی گئی سات ارب روپے کی ایکوٹی روکنے کا حکم بھی دے دیا۔
سابق صدرآصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور، طارق سلطان، ارم عقیل، محمد اشرف، محمد اقبال آرائیں اوردیگر افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کر کے بارہ جولائی تک سماعت ملتوی کر دی۔

ٹیگس