سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم نہیں ہیں ، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی جماعت سمیت کئی دیگر سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم چلانے کےلئے سازگار ماحول فراہم نہیں کیا جارہا ہے جبکہ مخصوص سیاسی جماعتوں کو پورا موقع دیا جارہا ہے
مالاکنڈ میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخصوص جماعتوں کو ہی انتخابات کے لئے سازگار ماحول دیا جارہا ہے جبکہ پیپلزپارٹی اور کچھ دیگر سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کے لئے مناسب ماحول نہیں دیا جارہا ہے - بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے مالا کنڈ میں اپنے انتخابی جلسے کو سانحہ مستونگ کے سوگ میں منسوخ کردیا - ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خوف کی فضا قائم کرکے جمہوریت اور آزادی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے - انہوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع نہیں دئے جارہے ہیں پی پی کے چئیرمین نے مطالبہ کیا کہ نگراں وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر اس کا نوٹس لیں - اس سے پہلے عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نون بھی ایسے ہی الزامات عائد کرکے انتخابات میں قبل از وقت دھاندلی کی بات کہہ ڈالی ہے-