آصف زرداری مفرور قرار
کراچی کی خصوصی عدالت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس کا چالان پیش کردیا ہے جس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو مفرور قراردیا گیا ہے۔
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے پیش کردہ چالان میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین حسین لوائی سمیت مجموعی طور پربیس افراد کو مفرور قراردیا گیا ہے جن میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے نام بھی موجود ہیں۔
حسین لوائی کو آصف زرداری کا قریبی دوست کہا جاتا ہے۔
ان لوگوں پر پینتیس ارب روپئے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حسین لوائی اور دیگر ملزمان نے تین بینکوں کے انتیس جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پینتیس ارب روپئے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے درج ایف آئی ار میں سمٹ بینک کے چیئرمین نصیر عبداللہ لوتھا بھی نام شامل ہے۔ ایف آئی اے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اربوں روپئے کی منی لانڈرنگ چھے مارچ دوہزار چودہ سے بارہ جنوری دوہزار پندرہ تک کی گئی۔