Aug ۱۴, ۲۰۱۸ ۰۷:۳۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 71 ویں جشن آزادی کی تقریبات

سرکاری اور نجی عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور اس ملک کےصدر اوروزیراعظم نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

پاکستان بھرمیں آج 71 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے صدر اور وزیراعظم نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

جشن آزادی منانے کے لیے پوری قوم یکجا ہے، اسکولوں میں تقاریب منعقد ہورہی ہیں جن میں ٹیبلوز، ملی نغمے پیش کیے جائیں گے اور مختلف مقابلہ جات منعقد ہوں گے جب کہ ٹی وی چینل دن بھر خصوصی نشریات پیش کریں گے۔

جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مملکتِ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جنت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی مسائل اور دیگر پیچیدہ معاملات پر قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔

نگران وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے آباؤاجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جہاں وہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اصولوں پر عملدرآمد کے غیرمتزلزل عزم سے ہمیں اپنے موجودہ مسائل پر قابو پانے اور پاکستان کو خودکفیل، اقتصادی لحاظ سے مستحکم اور خوشحال ملک بنانے میں مدد ملے گی۔

جشن آزادی کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد  وزیراعظم عمران خان نے قوم کو 71ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس یوم آزادی پر میرے دل میں امید کا ایک عظیم چراغ روشن ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اقربا پروری اور بدعنوانی کے باعث ملکی معیشت کو سنگین بحران کا سامناضرور ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ اگر ہم نے اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو اپنی منزل پالیں گے اور پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنے گا۔

سحر عالمی نیٹ ورک پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر اپنے تمام پاکستانی سامعین، ناظرین اور قارئین کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس