لائن آف کنٹرول پرفائرنگ ایک ہلاک
ہندوستان اور پاکستان کی افواج کی فورسز کے مابین لائن آف کنٹرول پرفائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہندوستانی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہندوستانی فوج نے ایل او سی پر کوٹ کوٹیرہ سیکٹر میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شہری عبدالرؤف ہلاک ہوگیا جو وہاں سے مویشی لے کر جا رہا تھا۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی ہندوستانی فوج نے ایل او سی پر واقع گوئی سیکٹر کے گاؤں اندھیری میں راکٹ لانچر حملہ کیا تھا جس کے باعث 70 سالہ بزرگ محمد صدیق شدید زخمی ہوگیاتھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے پر ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔ ایل او سی پر دونوں ممالک کی فورسز کے مابین ہونے والی فائرنگ سے اب تک ہزاروں افراد ہلاک،زخمی اور گھر بار چھوڑنے پرمجبور ہوئے ہیں۔