امن کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ کے کردار پر تاکید
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ عالمی امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ تنازعات کے حل میں اقوام متحدہ کا مضبوط کردار امن کے کلچر کو فروغ دینے میں ایک موثر ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو مختلف طریقوں سے دبانا نہ تو بین الاقوامی قوانین اور نہ ہی عدل اور اخلاقی اقدار کے مطابق ہے، عالمی امن کے لیے دیرینہ مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ حق خود ارادیت سے انکار محکوم اقوام سے نا انصافی ہے لہذا امن کا قیام صرف انصاف سے ہی ممکن ہے، ہمیں دیرینہ اور پیچیدہ تنازعات کے حل کے لئے اجتماعی کوششیں کرنی چاہئیں اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔