Sep ۲۵, ۲۰۱۸ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں پولیو بدستور ایک مسئلہ

پاکستان کےصدر نے اُمید ظاہر کی ہے کہ آئندہ سال ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ماضی کے سیکڑوں کیسز کے مقابلے میں رواں سال پولیو کے صرف 4 کیسز رپورٹ ہوئے جو اس ضمن میں خوش آئند ہیں۔

تین روزہ ملک گیر پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر صدر پاکستان نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے والی تمام ٹیموں کے اقدامات قابل تحسین ہیں جو بعض علاقوں میں زندگی کو درپیش خطرات کے باوجود ملک سے اس مہلک وائرس کے خاتمے کے لیے سرگرداں ہیں۔

خیال رہے کہ سال 2014 میں پاکستان میں پولیو کے 306 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، 2015 میں 54 ، 2016 میں 20 اور 2017 میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

رواں سال اب تک 2 اضلاع سے پولیو کے 4 کیسز سامنے آئے، جن میں 3 مریضوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے دکّی سے تھا جبکہ ایک کا تعلق چارسدہ سے ہے۔

تین روزہ پولیو مہم کے طے کردہ اہداف کو پورا کرنے کے لیے 2 لاکھ 60 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئ ہیں۔

 

ٹیگس