چہلم حسینی کے موقع پر پاکستان میں موبائل فون سروس معطل
پاکستانی وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد آج حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے پیش نظر پاکستان کی حکومت نے کراچی،کویٹہ،پاراچناراورپشاور سمیت ملک کے دیگر اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جبکہ دہشت گرد تکفیری گروہوں کی جانب سے عزاداران حسینی پر دہشتگردانہ حملوں کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
30 اکتوبر کو حضرت امام حسین(ع) کے چہلم کے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گےجبکہ امن و امان کی صورتحال بحال رکھنے کے لیے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد لی جائے گی۔
ادھر پاکستانی وزارت داخلہ نے حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر صوبائی حکومتوں کی طرف سے جی پی آر ایس، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی درخواستوں کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سروسز کی معطلی جلوسوں کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، اسلام آباد میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال رہے گی۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں چہلم حسینی کے موقع پر عزاداری کا سلسلہ جو کل رات سے شروع ہوا آج رات تک جاری رہے گا۔