گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے حکومت کی پسپائی
وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے آپشن سے پیچھے ہٹ گئی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق موجودہ حکومت نے سابق حکومت کے منظور کردہ گلگت بلتستان آرڈر2018 میں ترمیم کے لیے مجوزہ ڈرافٹ تیار کر لیا جس میں گلگت بلتستان کے شہریوں کو پاکستانی شہری تصور کرنے کی شق ختم کرنے سمیت21 ترامیم تجویز کی گئیں۔
مجوزہ ترمیمی ڈرافٹ میں گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے برعکس گلگت بلتستان کے شہریوں کو بیک وقت پاکستانی قرار دینے کی شق ختم، جی بی سپریم اپیلیٹ کورٹ کے چیف جج کی تقرری چیئرمین گلگت بلتستان کونسل اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مشاورت جبکہ سپریم اپلیٹ کورٹ کے ججوں کی تقرری کی مدت 3 سے بڑھا کر 5 سال کرنے کی تجویز ہے۔
ڈرافٹ میں جی بی کونسل کو بحال کرکے قانون سازی کے اختیارات دینے جبکہ کونسل میں پہلی مرتبہ وفاقی اور گلگت بلتستان کے وزرائے قانون کو بطور نان ووٹنگ ممبر شامل کرنے کی تجویز ہے، وزیر اعظم چیئرمین جی بی کونسل ہوں گے، کونسل کے منتخب ممبران کی مدت5 سال ہی ہو گی،کونسل کو اپنے رولز آف بزنس بنانے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔