امریکی حمایت سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا: عمران خان
پاکستان نے کہا ہے کہ اسے بلا وجہ امریکہ کی حمایت نہیں کرنی چاہئیے تھی۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا کا ساتھ دینے پر بھاری نقصان اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب امن کا سفیر بنے گا،پاکستان کسی اور کی بندوق کے طور پر کام نہیں کرے گاان کا کہنا تھا کہ اگرامداد کے لیے دوسروں پر انحصار کیا جائے تو کوئی چیز مفت نہیں ملتی۔
ترک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سی پیک اور چینی امداد سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا چین کو معاشی معاملات کی تشہیر پسند نہیں ہے۔
ہندوستان سے متعلق سوال پرعمران خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے پاکستان تو مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن بی جے پی انتخابات میں کامیابی کے لیے مذاکرات نہیں کررہی، ہندوستان سے کئی بار کہا ہے کہ آپ امن کی طرف ایک قدم بڑھائیں ہم دو بڑھائیں گے لیکن جواب میں پاکستان سے متعلق ہندوستانی سیاست دانوں کے بیانات افسوس ناک ہیں۔