پاکستان میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاج
احتجاجی مظاہرین کی جانب سے ٹائر نذرآتش کئے جا رہے ہیں اور واقعہ کیخلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔
پاکستان کے شہرساہیوال واقعہ کیخلاف لاہور میں فیروز پور روڈ پر آج پھر احتجاج شروع ہو گیا ہے۔ مظاہرین نے فیروزپور روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے جبکہ فیروز پور روڈ پر احتجاج کے باعث میٹرو بس سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔ مظاہرین کی جانب سے ٹائر نذرآتش کئے جا رہے ہیں، جبکہ مظاہرین واقعہ کیخلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پولیس غائب ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو سرعام پھانسی دی جائے۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے جاں بحق افراد بے گناہ تھے، محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام شواہد فوٹیج کیساتھ اکٹھے کرلئے ہیں، سی ٹی ڈی نے واقعہ کو تبدیل کرنے کیلئے ڈرامہ رچایا، اہلکار بیانات تبدیل کرتے رہے اور جھوٹی رپورٹ پیش کی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے رپورٹ آج وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائیگی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ساہیوال واقعے پر کہا ہے کہ دونوں پہلوؤں سے حقائق کا جائزہ لیا جا رہا ہے اگر سی ٹی ڈی کا موقف غلط ثابت ہوا تو ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پولیس نے ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں بچی اور خاتون سمیت چار افراد کو قتل کرنیوالے سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔