طاغوتی طاقتوں کی اسلام مخالف سرگرمیاں
پاکستان کے شہر ہنگو میں منعقدہ یاد شُہداء کانفرنس سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ طاغوتی قوتوں نے دُنیا میں اسلام کا نقشہ شِدت پسندی کی شکل میں پیش کیا، جو کہ سراسر غلط ہے اس لئے کہ اسلام امن پسند دین ہے۔
پاکستان کے شہر ہنگو میں یاد شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہم پر حملے ہوئے، ہمارے ہزاروں نوجوانوں، بزرگوں، عوام، علمائے کرام کو شہید کیا گیا۔ یہ صرف ہمارے لوگوں کیساتھ نہیں بلکہ پاکستان کیساتھ ظلم ہوا، یہ قتل و غارت ہمارے خلاف اس لئے ہوئی کیونکہ ہم نے 1400 سال سے لیکر آج تک کبھی بھی ظلم کے آستانے پر سر نہیں جھکایا، یہ درس ہمیں کربلا سے ملا۔ کربلا سخت ترین حالات میں بھی ہمیں ثابت قدم رہنے اور ذلت کی زندگی کے بجائے عزت کی موت کا درس دیتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دشمن جانتا تھا کہ جب تک پاکستان کے دفاع کی فرنٹ لائن سےمکتب شیعہ کو نہیں توڑا جاتا اس وقت تک پاکستان کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ امریکہ اور اسرائیل نے لبنان، شام اور عراق کو توڑنے کی کوشش کی، لیکن وہاں کے شیعہ سنی عوام اکٹھے ہوگئے، جس کی وجہ سے ان ممالک میں امریکہ اور اس کے حواریوں کو بدترین شکست ہوئی۔ ہمارا دشمن بہت مکار ہے، وہ نت نئے طریقوں سے ہمیں کمزور کرنے کی کوششیں کرتا ہے۔
علامہ راجہ عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے بعض عرب اتحادی ممالک پاکستان میں اہل تشیع کی قتل و غارت گری کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ شیعہ، سُنی کو آپس میں لڑوا کر، انتشار کی فضاء پیدا کرکے ملک کو کمزور کیا جائے۔ اگر شیعہ سُنی متحد ہونگے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔