حکومت کو اب مزید وقت نہیں دے سکتے: آصف زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کو جتنا وقت دینا تھا دے دیا اب مزید نہیں دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا ہے، نئی حکومت کے آنے سے پاکستان مزید تنہا ہوگیا، ہم نے ماضی میں بھی ایسے مسائل پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا ۔ موجودہ حکومت کوعالمی سطح پر بہترین سفارت کاری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، کشمیر میں صورتحال کشیدہ ہے، ان ہنگامی حالات میں کشمیر کی صورتحال اہم ہے، نابالغ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی۔ ہم چاہتے تھے کہ موجودہ حکومت چلے اور لوگوں کے مسائل حل کرے لیکن حکومت کو جتنا وقت دینا تھا دے دیا اب مزید نہیں دیں گے۔
پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ایسے رویوں کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ جیل میرا دوسرا گھر ہے، بلاول میرا اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہے وہ مقابلہ کرے گا۔