پاکستان میں بارش و برف باری سے 13 افراد جاں بحق
لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مختلف حادثات اور واقعات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے۔
پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر کے متعدد علاقے شدید بارشوں اور برف باری کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور راستے منقطع ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے جبکہ بعض شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔
شمالی بلوچستان میں غیر معمولی طور پر شدید برفباری جاری ہے۔ حب میں موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور سیلابی ریلے میں چار افراد بہہ گئے جن میں سے ایک کی لاش ملی ہے جبکہ باقی تین افراد لاپتہ ہیں۔
بلوچستان میں بیلہ کے نواحی اور پہاڑی علاقوں میں درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث سینکڑوں افراد پھنس گئے ہیں۔ کشمیر کی وادی لیپہ میں برفانی تودہ مکان پر گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے بڑے شہروں میں اندرون و بیرون ملک آنے جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ پشاور میں مسلسل بارشوں کے سبب انتظامیہ اور اسپتالوں کی انتظامیہ کو چوکس کردیا گیا ہے۔
خیبر پختون خوا کے ضلع دیر بالا میں بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکانوں کی چھتیں گرنے سے 2 بچوں اور ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
ادھر ملتان کے علاقے بدھلہ سنت میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
کہوٹہ کے علاقے سنبھلاہ میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 1 بچہ جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2 بچے شدید زخمی ہوگئے۔ پنجاب کے شہر فاروق آباد کے علاقہ لال کے میں بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب لاہور میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ اب تک جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے ۔۔ محکمہ مومسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں تک مزید بارش ہوگی ۔