ہندوستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے، عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی میں مزید کمی کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دارملک ہے اور ہم پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدہ صورتحال میں مزید بہتری لانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قیام امن کے لئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کے تعلق سے عمران خان نے کہا کہ اس پلان کے تحت کارروائی قومی مفاد میں ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں کا اتفاق رائے ہے اور سبھی پارٹیوں کے طے شدہ فیصلے کے مطابق ایکشن پلان پرعمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد میں تیزی لاتے ہوئے حکومت پنجاب نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے ہیڈکوارٹرکا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے کالعدم جماعتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے جس کے تحت دسیوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔