Mar ۳۱, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۳ Asia/Tehran
  • زرداری اور نوازشریف رقم لوٹا دیں انہیں چھوڑ دیں گے: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ زرداری اور نوازشریف چاہے اکٹھے ہوجائیں پھر بھی انہیں نہیں چھوڑیں گے تاہم ان کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ قوم کا پیسہ واپس لوٹا دیں ہم انہیں چھوڑ دیں گے۔

گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قومیں غریب نہیں ہوتیں، کرپشن غریب اورمقروض کردیتا ہے، پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کررہا تھا لیکن آج پاکستان کے بچے بچے پرقرضہ ہے، قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں، 2 ہزار ارب روپے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں لگ جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق دیوالیہ ہوگیا ہے، اخراجات کے بعد وفاق 700 ارب روپے خسارے میں چلا جاتا ہے اور کرپشن کا پیسا جعلی اکاؤنٹس میں جاتا ہے، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرکے پیسا بیرون ملک بھجوایا جاتا ہے، سندھ کی سیاسی خاتون کے دبئی میں پانچ گھر نکلے ہیں لیکن آج ڈرامہ ہورہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔

 

عمران خان نے گھوٹکی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری جب تک غیر قانونی پیسے واپس نہیں کرتے اس وقت تک ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوتی رہے گی-

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی اور مالی بدعنوانی کا مقابلہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے- عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو بے دردی کے ساتھ لوٹا گیا اور آج پاکستان کو ہر روز قرضوں پر چھے ارب روپئے سود دینا پڑ رہا ہے-

انہوں نے  کہا کہ ہم زرداری اور شریف فیملی کو نہیں چھوڑیں گے جو خود کو بچانے کے لئے آج ایک ساتھ ہو گئے ہیں-

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران اور ان کے اہل خانہ کے خلاف پاناما لیکس اور دیگر معاملات میں مقدمے چل رہے ہیں اور نوازشریف کو قید کی سزا بھی ہوئی ہے جبکہ سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات جاری ہیں اور انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے-

ٹیگس