پاکستان سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ ایران روانہ
ایران کے سیلاب زدگان کے لیے پاکستانی امداد کی پہلی کھیپ تہران کے لیے روانہ کر دی گئی۔
اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے بتایا ہے کہ پاکستان کا ایک ہوائی جہاز انسان دوستانہ امداد کی پہلی کھیپ لے کر بدھ کے روز ایران کے لئے روانہ ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے امدادی سامان لے کر دوسرا جہاز جمعرات کے روز ایران روانہ ہو گا۔
ایرانی سفیر نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ارسال کیے جانے والے بتیس ٹن امدادی سامان میں پانچ سو خیمے، ڈھائی ہزار کمبل اور ابتدائی طبی امداد کا سامان شامل ہے۔
حکومت پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ڈالی جانے والی رکاوٹوں کو ایرانی سیلاب زدگان کے لیے امداد کی روانگی میں تاخیر کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔
ایران کے شمالی، جنوبی اور جنوب مغربی صوبوں میں پچھلے دنوں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں کم سے کم ستر افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ہے۔