نئی ہندوستانی قیادت سے مذاکرات کے لئے پاکستان کی آمادگی
پاکستان کےوفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک و ہند تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے نئی ہندوستانی قیادت سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئےپاکستان کے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت کا خیال ہے کہ جب تک ہندوستان میں انتخابی عمل مکمل نہ ہو جائے اس وقت تک کوئی بھی بات کرنا قبل از وقت ہے، تاہم پاکستان دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے اور تعلقات کو مؤثر بنانے کے لئے نئی ہندوستانی قیادت سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کے بعد پاک و ہند کشیدگی پیدا ہوئی تھی، دونوں ممالک میں جنگ کا ماحول بن گیا تھا، بالخصوص میڈیا اور سوشل میڈیا پر جنگی صورتحال پیدا ہوگئی تھی تاہم کشیدگی کو کم کرنے کی حتی الامکان کوشش کی گئی اس لئے کہ اس قسم کے حالات پورے خطے بالخصوص پاکستان اور ہندوستان کے مفادات میں نہیں۔
پاکستان کےوفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جنگ کے حق میں نہیں اور ہم نے جوابی کارروائی کے بجائے دوطرفہ کشیدگی کو ختم کرنے کے لئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے 360 ہندوستانی قیدیوں کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر رہا کرنے کی منصوبہ بندی کی، پاکستان کی یہ پالیسی آئندہ بھی جاری رہے گی۔