Apr ۱۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • شریف فیملی کے خلاف کرپشن کے نئے مقدمات

حکومت نےاس ملک کے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پنجاب کے سابق وزیراعلی شہباز شریف سمیت شریف خاندان کیخلاف کرپشن کے نئے مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف پنجاب کی صوبائی پارلیمانی پارٹی اور صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس  کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کےصوبائی وزیرمیاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شریف فیملی کے خلاف نئے کیسز کی تیاری مکمل کرلی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت کے اداروں نے نئے کیسز کے لیے مواد اکٹھا کر لیاہے۔

میاں محمودالرشید نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف پہلے پرانے کیسز تھے مگر اب نئے مقدمات دائر ہونگے، وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو شریف فیملی کے خلاف کرپشن کی معلومات سے آگاہ کیا اور مزید کرپشن بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

ادھرلندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم کی خدمت کی ہے ہمارے ہاتھ صاف ہیں ہم پی ٹی آئی کی چیرہ دستیوں کامقابلہ کریں گے اور عمران خان کی شریف خاندان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار ہیں تاہم حکومت مخالف تحریک چلانے کافیصلہ وقت آنے پر ہی کریں گے۔

ٹیگس