پاکستان کی جانب سے سپاہ پاسداران کے خلاف امریکی اقدام کی مذمت
ایران میں متعین پاکستانی سفیر نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کے امریکی اقدام کی مذمت کی ہے۔
پاکستانی سفیر رفعت مسعود نے کہا کہ ایرانی فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی تمام تر سرگرمیاں دشمن کے خطرات کے مقابلے میں ایک خود مختار ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے اور دنیا کے کسی بھی ملک کو اس میں مداخلت کا حق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شروع ہی سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون کے فروغ کا خواہاں رہا ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ علاقائی صورت حال کی بہتری اور خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے حصول کے لیے ایران اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ اور چند جانبہ بات چیت ضروری ہے۔
رفعت مسعود نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران اور اعلی ایرانی حکام کے ساتھ ان کی ملاقاتوں کے بارے میں کہا کہ اسلام آباد اور تہران باہمی اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے اور مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو بہتر بنانے کے بارے میں بات چیت کریں گے۔