امریکی پابندیوں کے باوجود ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے مواقع موجود ہیں، عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا کے ذریعے ایران پر نئی پابندیوں کے باوجود تہران اور اسلام آباد کے درمیان اقتصادی تعلقات میں فروغ کا امکان موجود ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پیر کو تہران میں ایوان ہائے صنعت و تجارت و زراعت کے نمائندوں اور پاکستان کے تاجروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی اسّی ملین آبادی اور پاکستان اپنی دو سو ملین آبادی کے ساتھ خود ایک بہت بڑی اقتصادی قوت اور گنجائش ہے اور ان توانائیوں سے دونوں ملکوں اور علاقے کے مفاد میں استفادہ کیا جا سکتا ہے-
پاکستانی وزیراعظم نے جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کی اعلی سطح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ملکوں نے اگر آج اقتصادی میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے برسوں قبل سے اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھے تھے لیکن افسوس کہ یہ چیز مغربی ایشیا کے ممالک اور پاکستان، ایران، افغانستان اور ہندوستان جیسے ملکوں کے درمیان بہت زیادہ نہیں پائی جاتی۔
تہران کے ایوان ہائے صنعت و تجارت و زراعت کے سربراہ مسعود خوانساری نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم اطمینان بخش نہیں ہے، کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی حجم کی گنجائش موجودہ سطح سے کہیں زیادہ ہے-