پاکستان کے وزیراعظم کی چین کے صدراورنائب صدر سے ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے دورہ چین میں چین کے صدراورنائب صدر سے ملاقات کی۔
پاکستان کے وزیراعظم کی بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں جبکہ آج انہوں نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ گریٹ ہال میں ہونے والی ملاقات میں پاکستانی وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور خطے میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے سمیت امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک چین اکنامک کوریڈور کی تعمیر کی تیز تر تعمیر اور گوادر بندرگاہ کے علاوہ سمندری حدود کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس سے قبل عمران خان نے بیجنگ میں چین کے نائب صدر وانگ چی شان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک وفود کی سطح پر بات چیت آگے بڑھانے پر متفق ہوئے۔