شیعہ مسنگ پرسنز کی رہائی کے لئے دھرنا
پاکستان میں شیعہ مسنگ پرسنز کی رہائی کے لئے اس ملک کے صدر کے گھر کے بعد وزیر خارجہ کے گھر کے سامنے بھی دھرنا دیا جائے گا۔
شیعہ مسنگ پرسنز کی رہائی کے لئے کراچی میں موجود صدر پاکستان کے گھر کے باہر جاری احتجاجی دھرنے کی حمایت میں ملتان کے نواں شہر چوک پر مرد، خواتین اور بچوں کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا گیا، مظاہرین نے حکومت اور ایجنسیوں کے اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کا اگلا دھرنا وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے باہر ہوگا، جنہوں نے ہزاروں شیعیان حیدر کرار کے ووٹ لیے مگر آج تک ایک لفظ بھی مظلوموں کے حق میں نہ بول سکے، بلکہ وہ استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے، لیکن اپنے پیاروں کی اس طرح تذلیل نہیں ہونے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ایجنسیاں جو کل تک ہمارے جوانوں کی گمشدگی ماننے کے لیے بھی تیار نہیں تھیں، آج وہی پیادے بیرونی آقائوں کے اشاروں پر سنگین الزامات لگا رہے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھاکہ حکومت اور سکیورٹی ادارے ہمارے صبر کا امتحان لے رہے ہیں، ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے بلکہ ہم اپنے آئینی اور قانونی حقوق مانگ رہے ہیں اور ہم اپنے حق کے لئے ہرآئینی اور قانونی اقدام اٹھائیں گے، جب تک ہمارے اسیروں کو رہا نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔